بیجنگ23جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)چین کے سرکاری میڈیا اور حکام کے مطابق ملک کے شمالی اور وسطی حصوں میں بارشوں اور سیلاب سے کم از کم 78 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ہیں۔سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گردے سے صوبہ ہیبی اور ہینان میں ہزاروں مکان تباہ ہوگئے ہیں جبکہ فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں سے کم ازکم ایک کروڑ 60 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے فنڈز جاری کریں گے۔چین کے سرکاری خبررساں ادارے شن ہوا کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں شمالی صوبے ہیبی میں ہوئی ہیں جہاں 50 ہزار سے زائد مکان تباہ اور 80 لاکھ سے زایئد افراد متاثر ہوئے ہیں۔شن ہوا کے مطابق بہت سارے علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے اور مواصلاتی اور آمدورفت کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔وسطی صوبے ہینان میں تیز ہواؤں اور طوفان سے کم از کم 15 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔خبررساں ادارے روئٹز کے مطابق یہاں 18 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 72 لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔علاقے کے رہائشیوں نے موسمی حالات کی بروقت اطلاع نہ دینے پر مقامی حکام کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔چینی حکام کے مطابق رواں سال بارشوں اور سیلاب میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ 50 ہزار ہیکٹر رقبے پر فصلوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ کل نقصان کا تخمینہ تین ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔